ہمایوں اختر خان

ملک میں معاشی بدحالی ،درست فیصلےنہ کئے تو مزید نقصان ہوگا، ہمایوں اختر خان

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس معیشت کی بحالی کا موثر اور جامع منصوبہ موجود ہے اور ان شا اللہ حکومت میں آتے ہی پہلے دن سے عملدرآمد شروع کر دیاجائے گا.

انتخابات کے انعقاد میں جتنی تاخیر ہو گی ملک کے مسائل بڑھتے جائیں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یہ کوئی جواز نہیں کہ ملک میں معاشی ایمر جنسی کانفاذ کر کے انتخابات کو التواء میں ڈال دیا جائے ۔ملکی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ایسا ہوا اور نہ اب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کے انتخابات ہو گئے تو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بنیں گی اس لئے یہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتوں کی موجودگی میں قومی اسمبلی کے انتخابات ہوں ۔ میری پیشگوئی ہے کہ ملک میں عام انتخابات کا وقت قریب آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی طور پر دائو پر لگا ہوا ہے اور اگر بروقت اور درست فیصلے نہ کئے گئے تو یہ ملک کے مزید نقصان دہ ہوگا اس لئے فوری انتخابات ہی سیاسی اور معاشی استحکام کا واحد راستہ ہیں۔