یکجہتی کی علامت

اس وقت ملک میں یکجہتی کی علامت کوئی لیڈر ہے تو وہ عمران خان ہیں، ہمایوں اختر

لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کیلئے جس طرح جدوجہد کی ہے

ان شااللہ عام انتخابات میں عوام انہیں مایوس نہیں کریں گے اور تحریک انصاف کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت دلائیں گے ،اگر ا س وقت ملک میں وفاق اوریکجہتی کی علامت کوئی لیڈر ہے تو وہ عمران خان ہیں اس لئے ان کے خلاف کسی بھی سازش پر عوام کا بھرپور رد عمل آئے گا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہر روز فلاحی منصوبوں کا افتتاح ہو رہا تھا ، معیشت سے جڑے تمام اشاریے مثبت تھے جبکہ آج عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح ہونا تو ایک طرف ہمارے دور کے جاری منصوبے بھی بند کئے جارہے ہیں ۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پہلے بھی ڈالر کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جس کا پوری قوم کو خمیازہ بھگتنا پڑا ۔اب بھی وہی فارمولہ اپنایا گیا اورجب ڈالر کو آزاد چھوڑا گیا تو صرف اڑتالیس گھنٹوں میں اس کی قیمت میں 35روپے سے زائد کااضافہ ہو گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر محب وطن شہری وفاق میں بیٹھے تیرہ جماعتی اتحاد سے یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ خدارا اپنی ضد اور اناء کو چھوڑ کر ملک میں فوری عام انتخابات کا اعلا ن کریں تاکہ نئی آنے والی حکومت اعتماد کے ساتھ ڈوبتی ہوئی معیشت کو ریسکیو کر سکے۔