شیخ رشید

لال حویلی گرا کر دکھاو،میں پورے پنڈی کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا، شیخ رشید

راولپنڈی (لاہورنامہ)سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کی ایک تاریخ ہے، یہ ایوب خان کے خلاف بھی تھی ، نوازشریف کے خلاف بھی تھی ، لال حویلی آج کی حکومت کے خلاف بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ مجھے گرفتار کرنے کا سوچ رہے تھے، انہوں نے رینجرز اور ایف سی سے مدد مانگی،ا نہوں نے انکار کردیا، یہ ایف آئی اے کو لے آئے، پہلے انہوں نے ساری فورسز اکٹھی کیں ۔

سابق وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ آصف نامی آدمی رانا ثنااللہ کا فرنٹ مین ہے، آصف نامی آدمی مسئلے پیدا کررہا ہے، انہوں نے میری 16وزارتوں کی انویسٹی گیشن کی ان کو کچھ نہیں ملا، لال حویلی گرا کر دکھاو،میں اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا۔

ان کاکہنا تھا کہ لندن کی پارٹیاں لال حویلی پر فلم بنانا چا ہتی ہیں، ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے یہ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، اگر یہ لال حویلی ہماری نہیں تو ہم قومی مجرم ہیں ، یہ ملبہ خود آپ پر گرنے جارہا ہے، بھوک اور بیروزگاری سے تنگ لوگ خود سڑکوں پر ہوں گے۔