کلمہ چوک ریماڈلنگ پراجیکٹ

بلال افضل کو کلمہ چوک ریماڈلنگ پراجیکٹ پر بریفینگ، مارچ 2023 تک مکمل

لاہور(لاہورنامہ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی ہدایت پر نگران صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسشن اور موصلات پنجاب بلال افضل نے پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) کے انڈر پاس کی دوبارہ تشکیل، جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی پنجاب) بھی کہا جاتا ہے کہ جاری منصوبے کا دورہ کیا .

سی بی ڈی پنجاب بولیورڈ اور کلمہ چوک انڈرپاس ریماڈلنگ منصوبے کا دورہ کیا۔
کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا، سی ای او پی سی بی ڈی ڈی اے، عمران امین، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن، ابراہیم ارباب، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی، سی ای لیسکو، ڈائریکٹر انجینئرنگ ایس این جی پی ایل لاہور، ڈائریکٹر پی ایچ اے، لاہور، ڈائریکٹر ریسکیو 1122۔ ڈی ایس پی ٹریفک پولیس گلبرگ سرکل اور سی بی ڈی پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ سربراہان بھی دورے کے دوران موجود تھے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی سی بی ڈی ڈی اے ریاض حسین نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی ترقیاتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سی بی ڈی پنجاب نے سو فیصد پائل ورک مکمل کر لیا ہے اور مقرر وقت میں بیرلز کی چھت ڈالنے کا کام بھی مکمل کر لیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لیے بھاری مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت بھی کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال افضل نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وزیراعلیٰ پنجاب کا واضح وژن ہے۔میں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مل کر کام کریں۔ یہ منصوبہ لاہور کے ترقیاتی منظرنامے کو بدل دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ میں اس پراجیکٹ کی نگرانی کروں۔ان کی ہدایت کے مطابق ہر تین دن کے بعد منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لوں گا۔

کمشنر لاہور ڈویژن جناب محمد علی رندھاوا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور کے شہریوں کے روزمرہ کے سفر میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے خواہاں ہیں۔ منصوبے کی تعمیراتی رفتار تسلی بخش ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق حکومتی حکام، پی سی بی ڈی ڈی اے کی انتظامیہ اور منصوبے کے کنٹریکٹر نے فروری 2023 کے وسط تک تمام سڑکیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ پورا منصوبہ مارچ 2023 کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا.