فیصل آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب نے کہا ہے کہ دھماکے کے بعد الیکشن سے متعلق طے شدہ بیانیہ آگے بڑھانا شروع کردیا گیا، کہا جارہا ہے کہ الیکشن نہیں ہوسکتے حالات ٹھیک نہیں، پنجاب میں تو دہشتگردی نہیں ہے یہاں کیا وجہ ہے؟
انہوں نے فیصل آباد میں آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ گروپ ہے جس میں الیکشن سے متعلق طے شدہ بیانیہ آگے بڑھایا جاتا ہے الیکشن ملتوی ہونے کی آئین میں گنجائش بالکل نہیں ہے، لیکن آج دیکھا گیا کہ دھماکے کے بعد الیکشن سے متعلق طے شدہ بیانیہ آگے بڑھانا شروع کردیا گیا، کہا جارہا ہے کہ الیکشن نہیں ہوسکتے حالات ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تو دہشتگردی نہیں ہے یہاں کیا وجہ ہے؟پنجاب میں کوئی سیلاب نہیں ہے، کوئی آفت بھی نہیں آئی ہوئی ہے۔خیبرپختونخواہ پہلے بھی دہشتگردی کے واقعات سے گزر چکا ہے، وہاں کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔آئین میں تاخیر کی باتیں بدنیتی پر مبنی ہیں، آئین میں کوئی چوائس نہیں ہے، فیصلے عوام کودیکھ کر کرنے ہیں۔