لاہور (لاہورنامہ)کسان بورڈ پاکستان وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35, 35 روپے کے ظالمانہ اضافے ، اشیاء خورد نوش کی من مانے ریٹوں پر فروخت ، کھاد مافیا کی ذخیرہ اندوزی ، مصنوعی قلت پیدا کر کے بلیک میں فروخت کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک وطن میں سود کا ناپاک نظام بری طرح فلاپ ہو گیا۔
سودی نظام نے ہماری معیشت تباہ کردی،تمام مسلمان اور اب تک پاکستان میں حکومت کرنے والے حکمرانوں کو معلوم ہے کے سود اﷲ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ ہے۔تباہی اور بربادی کاراستہ ہے۔پھر بھی کوئی سود کو ختم کرنے کی بات نہیں کررہا۔
اﷲ سے مدد مانگنے کی بجائے حکمران آئی ایم ایف کے سامنے سجدہ ریز ہیں۔اس کی تمام شرط ماننے کے لئے تیار ہیں۔وزراء ، مشیر اور اشرافیہ اپنی لاکھوں کی تنخواہوں اور مراعات میں کمی کرنے کو تیار نہیں۔سارا بوجھ غریب پر ڈال دیا ہے۔ جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔پوری قوم اﷲ سے معافی مانگے۔
سودی نظام کے خاتمہ کے لئے حکمرانوں کو مجبور کرے۔لکھ کر دیتا ہوں ملکی حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکمران ملک کو قرضوں اور بحرانوں سے نجات ملنے تک تمام وزراء، مشیروں اورافسرشاہی کی تنخواہوں میں پچاس فی صد کٹوتی اور مراعات ختم کرے۔
فوری طور پر سودی نظام کے خاتمہ کا اعلان کریں اور فوری طور پر اسلامی نظام کا نفاذ کریں۔ قوم کو جینے کا حق دیں اور فی الفو رپٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خورد و نوش و اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کروانے کے لئے سخت اقدامات کریں۔کھاد مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیں ان کوجیلوں میں ڈالیں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم اور قیمتوں میں کمی کریں۔
تمام سیاستدان ا قتدار کی لڑائیاں چھوڑ کر ملک کی ترقی ، خوشحالی اور عوام کے بھلائی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔