لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولہ اپنی دھونس اور ہٹ دھرمی سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کرنا چاہتا ہے،ان کی کوشش ہے ملک میں کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے تاکہ انتخابات نہ کرانے کا جواز ڈھونڈا جا سکے .
پی ٹی آئی قیادت نے پہلے بھی کئی مواقعوں پر تدبرکا مظاہرہ کیا اب بھی ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کا خوف پی ڈی ایم ٹولے کی آنکھوں اور باتوں سے عیاں ہے ،دوبارہ اقتدار نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے یہ آئین اور عدالتی فیصلوں کو بھی پائوں تلے روند رہے ہیں،وہ دن دور نہیں جب آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہے مریم صفدر نوجوانوں کو آج آئی ٹی میں انقلاب کیلئے منصوبے شروع کرنے کا بتا رہی ہیں،آپ کونوجوانوںکے مستقبل اور آئی ٹی سے کیا سرو کار ؟ ، آپ خاندانی کاروبار کرپشن پر لیکچر دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بغض کی پٹی اتاریں آپ کو پی ٹی آئی دور کے آئی ٹی منصوبے نظر آجائیں گے جنہیں آ پ کے چچا کی حکومت نے بند کر دیا ہے۔