محمد جاوید قصوری

منی بجٹ آنےسے عوام کے لئے عرصہ حیات تنگ ہو جائے گا،محمد جاوید قصوری

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 170ارب روپے کا منی بجٹ لانے سے عوام کے لئے عرصہ حیات تنگ ہو جائے گا .

گیس کی قیمتوں میں 124فیصد تک اضافہ اور سیلز ٹیکس کی شرح ایک فیصد بڑھانے سے 50ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ اشیا پر 25فیصدڈیوٹی عائد کرنے سے 70ارب روپے عوام سے وصول کئے جائیں گے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی خبریں نے عوام کی پریشانی بڑھا دی ہے .

5برسوں میں 7وزراء ا خزانہ تبدیل ہو گے مگر ملکی معیشت ٹھیک ہوئی اور نہ ہی مہنگائی میں کمی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں آٹے کا شدید بحران پیدا ہوچکا ہے۔ شہری ایک تھیلہ آٹے کی خاطر یوٹیلیٹی سٹوروں پر گھنٹوں لمبی قطاروں پر کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔

متعدد یوٹیلیٹی سٹورز اور سستا آٹا سیل پوائنٹس پر آٹا دستیاب ہی نہیں، جبکہ 15کلو آٹے کا تھیلا 2ہزار میں فروخت ہورہا ہے۔ ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے۔ عوام کے مسائل سنگین ہوچکے ہیں۔ عوام کاکوئی بھی پرسان حال نہیں، حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث عوام ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں لوٹے جارہے ہیں۔ ملکی معاشی حالات سنگین ہو چکے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی استحکام کے لیے ملک کے اندر سیاسی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ ان ظالموں کے پاس اقتدار کے حصول کے سوا عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا معاشی ایجنڈا ہی نہیں۔ چوروں، لٹیروں کا ٹولہ ہے جو اقتدار پر قابض ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔