مریم نواز

سوشل میڈیا کو صحت مند معاشرے کی روایت کے لئے استعمال کیاجائے، مریم نواز

لاہور (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے ایک بار پھر نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا کو معاشرے میں اتحاد، اتفاق اور سیاسی مکالمے کی مثبت اور صحت مند روایت پیدا کرنے کے لئے استعمال کیاجائے.

مخالفین کی گالم گلوچ کا حقائق، دلیل اور تہذیب سے مقابلہ کیاجائے، قوم کی تعمیر وترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک نوجوان اس عمل میں شریک نہ ہو۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی صدارت میں بدھ کو پنجاب سے پارٹی کے نوجوان رہنمائوں کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یوتھ ونگ،سوشل میڈیا کے تنظیمی ڈھانچے کاجائزہ لیا گیاجبکہ نوجوانوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے لئے تجاویز پر غور اور یوتھ پالیسی پر مشاورت کی گئی۔

مریم نواز شریف نے یوتھ ڈویلپمنٹ پالیسی کے لئے پارٹی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہاکہ قوم کی تعمیر وترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک نوجوان اس عمل میں شریک نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت غالب آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،یہ پاکستان کے لئے ایک نادر موقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے ہمیشہ نوجوانوں کی تعلیم، ترقی، صحت اور روزگار کو اولین ترجیح دی ہے،ماضی میں بھی وزیراعظم یوتھ لون سکیم، وزیراعظم یوتھ پروگرام، روزگار کے منصوبے شروع کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ مفت تعلیم سے لے کر ذہین اور غریب طالب علموں کو ملک کے اندر اور باہر تعلیم کے لئے وظائف دئیے گئے،لیپ ٹاپ دے کر انہیں جدید ٹیکنالوجی کی طرف راغب کیا تاکہ وہ آئی ٹی کے شعبے میں آنے والے انقلاب کا حصہ بنیں اور پاکستان کو ہمسایہ اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح اس جدید شعبے میں ترقی کی طرف لے کر جائیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو آئی ٹی، ای کامرس کے شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں کیلئے بلاسود اور آسان شرائط پر قرض سکیم شروع کی ہے جس میں آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں، نئے کاروبار کا آغاز ہو، یا جاری کاروبار کا دائرہ مزید وسیع کرنا ہو، اس سکیم سے فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے کو بھی اس سکیم میں شامل کیاگیا ہے تاکہ دیہی علاقوں کے نوجوان بھی اس سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو مساوی کوٹہ اس سکیم کے تحت دیاگیا ہے تاکہ ہماری بچیاں، ہماری خواتین بھی معاشی طورپر خودمختار بن سکیں۔

مریم نوازنے کہاکہ پارٹی میں نوجوانوں کو آگے لائیں گے انہوں نے کہاکہ تنظیمی ڈھانچے میں کمزوریوں کو دور کرکے اسے ملک بھر میں فعال اور متحرک بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عاشق حسین قریشی کو پنجاب یوتھ کا کوآرڈینیٹر مقرر کیاگیا ہے، امید ہے کہ موجودہ ٹیم پارٹی کے یوتھ ونگ کے شعبے کو ایک نئی قوت سے زندہ کرے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ سوشل میڈیا کو معاشرے میں اتحاد، اتفاق اور سیاسی مکالمے کی مثبت اور صحت مند روایت پیدا کرنے کے لئے استعمال کیاجائے۔ مخالفین کی گالم گلوچ کا حقائق، دلیل اور تہذیب سے مقابلہ کیاجائے۔ مریم نواز نے گزشتہ چار سال کے دور سیاہ میں حکومتی آمریت اور فسطائیت کا بہادری سے مقابلہ کرنے اور میدان میں ڈٹے رہنے پر یوتھ ونگ کے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔