لاہور (لاہورنامہ)پاکستان سپر لیگ سیزن ایٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ میلہ آئندہ چند روز میں صوبائی دارلحکومت لاہور میں سجنے جا رہا ہے۔
سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے پی ایس ایل میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور سٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ کوبھرپورسکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ مربوط اور موثر پلاننگ کے تحت پی ایس ایل ایٹ کے میچز کی سکیورٹی کے لئے گذشتہ انٹرنیشنل سپورٹس سکیورٹی ایس او پیز کو مدنظر رکھ کر پہلے سے زیادہ بہتر لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس پاکستان میں بین الاقوامی سپورٹس اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے،حالیہ پی ایس ایل ایٹ کے دوران بھی انشا اللہ بہترین سکیورٹی انتظامات دیکھنے کوملیں گے۔حکومت کی طرف سے پی ایس ایل ایٹ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے دوران قذافی سٹیڈیم کے اطراف پارکنگ ایریاز اور ٹیموں کے روٹس پر سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ سے دو دن قبل ہی پی ایس ایل سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا جائے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور پی سی بی سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں لاہور پولیس، ضلعی انتظامیہ،ٹریفک پولیس اور دیگر ادارے سکیورٹی و دیگرانتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مشترکہ ریہرسل بھی کی جائے گے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ائرپورٹ، ٹیموں کی قیام گاہ،روٹس،قذافی سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سرچ اینڈسویپ آپریشنز بھی باقاعدگی سے جاری ہیں۔میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ،ایلیٹ اورپولیس ریسپانس یونٹ ٹیمیں مخصوص پوائنٹس پر مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔
سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے زیادہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس مقصد کے لئے قبل از وقت مربوط ٹریفک ایڈوائزی بھی جاری کی جائے گی اور ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کنٹرول کے لئے مربوط انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کرکٹ میچز دیکھنے کے لئے سٹیڈیم آنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درامد یقینی بنائیں،پی ایس ایل سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے لاہور پولیس سے بھرپور تعاون کریں اور غیر ضروری ممنوعہ اشیا ہرگز ہمراہ سٹیڈیم میں ساتھ نہ لائیں۔پی ایس ایل ایٹ 2023ء کے فائنل سمیت 09 میچزصوبائی دارالحکومت میں 26 فروری سے 19مارچ تک کھیلے جائیں گے۔