میرا سوہنا لاہور

ایل ڈبلیو ایم سی کی دس روزہ ’’میرا سوہنا لاہور‘‘خصوصی زیرو ویسٹ مہم کا آغاز

لاہور (لاہورنامہ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور کی ہدایات پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی ) کی جانب سے شہر بھر میں 10روزہ ’’میرا سوہنا لاہور‘‘خصوصی زیرو ویسٹ مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔

کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے مہم کا با قاعدہ افتتاح کر دیا۔ کمشنر محمد علی رندھاوا نے ہدایت کہ خصوصی صفائی مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات یقینی بنائے جائیں .

آپریشن ٹیموں کے ساتھ ساتھ ہیڈ آفس کے 130 افسران کو بھی مانیٹرنگ پر تعینات کر دیا گیا۔آپریشن ٹیمیں، صفائی کا عملہ اور فلیٹ کی گاڑیاں 6:30کی بجائے 5:30بجے صبح فیلڈ میں موجود ہوں گی ۔ سی ای او بابر صاحب دین نے پلان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے 9 ٹائونز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کیا جائے گا، شہر میں موجود 519اوپن پلاٹس کی کلیئرنس کی جائے گی۔

شہر کی تمام اربن اور رورل یونین کونسلز میں صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ دس ہزار سے زائد ورکرز اور بارہ سو سے زائد کا فلیٹ خصوصی صفائی آپریشن پر مامور رہے گا۔

مہم کے دوران معمول کے صفائی آپریشن کے ساتھ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور تفریحی مقامات/پارکس کے گرد بھی صفائی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے 850 سے زائد قبرستانوں کے گرد صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، دھول مٹی کے خاتمے کے لیے روڈز کے اطراف میں اسکریپنگ کروائی جائے گی۔

روزانہ کی بنیاد پر 800 کلومیٹر روڈز پر مکینیکل سویپنگ جبکہ 100 کلو میٹر روڈز پر مکینیکل واشنگ کی جائے گی۔ شہریوں کی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافے کیلئے ویسٹ کنٹینرز کی روزانہ کی بنیاد پر مرمت کی جائے گی۔

شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران و عملہ زیرو ویسٹ مہم کامیاب بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک رہے گا.

تمام ٹائون مینیجرز فیلڈ میں ورکرز کی 100 فیصد حاضری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کی صورت میں شہری ایل ڈبلیو ایم سی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔