ہمایوں اختر خان

قانون کی بالا دستی کیلئے جیل بھرو تحریک نتیجہ خیز ہو گی، ہمایوں اختر خان

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں آئین کو بچانے اور قانون کی بالا دستی کیلئے شروع کی جانے والی جیل بھرو تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی.

ہمیں قوی امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ مقررہ مدت نوے روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی ،جمہوریت کی روح اور بنیاد انتخابات ہیں اور اگر اس سے انکار کیا جائے گا تو جمہوریت کیسے پنپ سکتی ہے۔ زمان پارک میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی حفاظت کیلئے لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی حتمی تاریخ دینے کے بعد کارکنان پرجوش ہیں ،کارکنان ایک دوسرے سے پہلے گرفتاری دینے کے لئے پر عزم ہیں.

حقیقی آزادی کی اس جدوجہد میں صرف پی ٹی آئی کے کارکنان ہی نہیں عوام بھی جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ گورنرز اور الیکشن کمیشن کی جانب سے آئین سے انحراف کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے بحران پیدا ہو گیا ہے ۔موجودہ حالات میں ساری قوم اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے اور عدلیہ نے ہمیشہ کڑ ے وقت میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے دے کر ملک کو تقویت دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک جن مشکلات سے دوچار ہے ایسے میں عمران خان اور تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کاوشیں کرنے کی بجائے عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آنے سے معیشت کے حالات درست ہو سکیں۔