توہین عدالت کیس

رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ

لاہو ر(لاہورنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں آڈیو لیک معاملے پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدلیہ کو سکینڈلائزڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، رانا ثنا اللہ نے آڈیو لیک کر کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کر کے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا گیا، غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں ہم اس کو سنبھال لیں گے، سپریم کورٹ اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔

جسٹس عابد عزیز شیخ نے استفسار کیا کہ وہ آڈیو کہاں ہیں، کیا آپ نے درخواست کے ساتھ لف کی ہے؟، کیا اس آڈیو کا فرانزک ہوا ہے؟۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔