ایشین پیسیفک ایوارڈ

پروفیسر محمد معین ایشین پیسیفک ایوارڈ حاصل کرنیوالے پہلے پاکستانی ڈاکٹر

لاہور (لاہورنامہ) معروف ملکی و بین الاقوامی شہرت کے حامل اور لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ امراض چشم کے سربراہ پروفیسر محمد معین کو ایشیائی ممالک میں نابینا پن کی روک تھام اور آنکھوں کے علاج معالجے و تحقیق کیلئے قائم ایشین پیسیفک اپتھمالوجی ایسوسی ایشن کے "ہالمز لیکچر ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے.

جو کسی بھی پاکستانی ڈاکٹر کیلئے اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کا پہلا موقع ہے جس سے پروفیسر محمد معین نے ملک و قوم کیلئے یہ اعزاز حاصل کر کے میڈیکل کے شعبے میں بلا شبہ نئی تاریخ رقم کر دی۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے بین الاقوامی ایوارڈ غیر معمولی پیشہ وارانہ خدمات کی بدولت جیتنے پر پروفیسر محمد معین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلا شبہ ایک مرتبہ پھر ادارے کا نام روشن کیا ہے اور ہم سب کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پروفیسر محمد معین کا یہ ایوارڈ ہمارے نوجوان ڈاکٹرز کی بھی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرے گاجس سے انہیں بھی بالخصوص امراض چشم اور اس کی پیچیدگیوں و جدید علاج معالجے سے متعلق دلچسپی میں اضافے کیلئے مدد ملے گی۔

اس ایوارڈ پر پروفیسر محمد معین نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لاتے ہیں اور اپنے ادارے پی جی ایم آئی /اے ایم سی /ایل جی ایچ کی مزید بہتری و ترقی کے لئے دعا گو ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو یہ اعزاز دلانے والے لاہور جنرل ہسپتال کے مایہ ناز ماہر امراض چشم پروفیسر محمد معین نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والی انٹر نیشنل کانفرنس میں بہترین مقالہ جات پیش کرنے اورنابینا پن کی روک تھام اور اس کے علاج معالجے و پیچیدگیوں پر بہترین لیکچر دیا جس پر اُن کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پروفیسر محمد معین پاکستان کے پہلے آئی سرجن ہیں جنہوں نے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور سخت مقابلے کے ماحول میں ایوارڈ جیت کر پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج،لاہور جنرل ہسپتال اور پاکستان کو یہ اعزاز دلایا۔