سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ

خواجہ محمد آصف نے سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا

سیالکوٹ(لاہورنامہ)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے اور اس شہر کے عوام کی صحت کے شعبے میں خدمات اسی طرح جاری و ساری رکھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ جس جگہ تعمیر کیا گیا ہے وہ سارا علاقہ طبی خدمات فراہم کر رہا ہے اور یہ علاقہ جس طرح شہر اقبال کا مرکز ہے اسی طرح طبی سہولیات کی فراہمی کا بھی مرکز ہے.

سید میڈیکل کمپلیکس غریب و نادار افراد کی مدد کر رہا ہے اور انہیں مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو میری کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کی ضرورت ہو تو میں حاضر ہوں اور اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کروں گا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے یہ لوگ اسی طرح اپنا کا م سرانجام دیتے رہیں اور اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرتے رہیں۔

ایڈمنسٹریٹر سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ ڈاکٹر ظہیر الحسن رضوی نے سپاسنامہ پیش کیا اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس عبدالغفور ملک، نائب صدر عامر مجید شیخ اورگروپ لیڈر شیخ ریاض الدین سمیت سیالکوٹ کی تاجر برادری کو اس افتتاحی تقریب میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا کہ سید میڈیکل کمپلیکس گزشتہ 20 سال سے آنکھوں کے مریضوں کے آپریشن بھی مفت کررہا ہے اور مستحقین کو لینز بھی مفت دے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ نہ صرف سیالکوٹ کی عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ 2000ـ2001 میں پاک بھارت جنگ کے پیش نظر سید میڈیکل کمپلیکس سیالکوٹ نے پاکستان آرمی کو ہر طرح کی طبی خدمات کی پیشکش کی، 2005 میں زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے بھی ہم نے 50 مریضوں کی نگہداشت کا بیڑہ اٹھایا، اسکے علاوہ کورونا کے دوران بھی کورونا کے مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا گیا اور ان سے کوئی پیسہ نہیں لیا گیا .

کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانیت کی خدمت میں ہی سکون ہے اور دوست احباب کے تعاون سے انسانیت کی خدمت کا یہ سفر انشاء اللہ اسی طرح جاری رہے گا۔ڈاکٹر خالد محمود جنجوعہ، ریڈیالوجسٹ، ڈاکٹر ایوب یوسف، اینستھیٹکس اور جنرل سرجن ڈاکٹر محمد ندیم بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔