لاہور (لاہورنامہ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور نگران صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد کو ”سوہنا لاہور و چل میلے نوں چلئیے“ کے تحت جشن بہاراں تقریبات اور صفائی پروگرامز پر پریس بریفنگ دی گئی۔
صاف لاہور پروگرام کے لیے لاہور قلندرز اور ایل ڈبلیو ایم سی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحبدین اور سی ای او لاہور قلندرز رانا عاطف نے دستخط کیے جس کے تحت لاہور بھر میں تھری بن سسٹم لگایا جائے گا اور شہر کو زیرو ویسٹ کے لیے کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پہلی مرتبہ جشن بہاراں تقریبات میں کوئی سرکاری اخراجات نہیں ہونگے۔ نگران صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مرادنے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ سرکاری اور پرائیویٹ ایجنسیاں ملکر صاف لاہور کیلئے کام کریں گی۔ سی ای او لاہور قلندر رانا عاطف نے کہا کہ 2 مارچ 2023 کو پی ایس ایل میچ کو ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے نام کریں گے۔
کیپٹن لاہور قلندر شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہو ر قلندر ٹیم بڑی محنت کر رہی ہے۔ صاف لاہور میں کردار ادا کرونگا۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران سٹیڈیم میں کچرا پھینکنے پر 100روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد، کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا، کپتان لاہورقلندرز شاہین آفریدی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحبدین نے شرکت کی۔