لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے والے عوام میں ایکسپوز ہو رہے ہیں .
باقی اسمبلیوں کو بھی تحلیل کر کے ملک میں بیک وقت عام انتخابات کا انعقاد ملک کے بہترین مفاد میں ہے ،ہر گزرتے دن کے ساتھ معاشی حالات ابتر ہوتے جارہے ہیں ،ہماری معاشی ٹیم ان سے نبرد آزما ہونے کیلئے اپنا پیشگی ہوم ورک کر رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل بھرو تحریک میں رضا کارانہ گرفتاریاں دینے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عمر سرفراز چیمہ، شیخ امتیاز ، زبیر نیازی،رخسانہ نوید، چوہدری شاہد اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پر امن جدوجہد تحریک انصاف کی پہچان ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے نہتے کارکنوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا .
اس کے باوجود کارکنان کی پی ٹی آئی سے وابستگی میں کمی نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد نہ ہونے سے ملک کے معاشی مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات بائیس کروڑ عوام کا متفقہ مطالبہ ہیں اور اس کے بغیر ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالنے کا کوئی چارہ نہیں ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان آئین و قانون کی بالا دستی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کے لئے انہیں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے ۔