توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا الزام

مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا الزام، ایف آئی اے میں فوادچوہدری کی طلبی

اسلام آباد (لاہورنامہ)مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کاجھوٹا الزام لگانے پر شہری کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماء فوادچوہدری کو 17مارچ کو طلب کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری کواسلام آباد کے رہائشی راجہ محمد ہارون کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 17مارچ کو طلب کرلیا ۔پی ٹی آئی رہنماء کو نوٹس ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سب انسپکٹر محمد منیب ظفرکے دستخطوں سے جاری کیاگیا ۔

راجہ ہارون نے شکایت کے متن میں کہا ہے کہ فواد چوہدری نے مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائدکیا۔فواد چوہدری نے 12مارچ کو شب 9بجکر 42منٹ پر اشتعال انگیز اور جھوٹا ٹوئٹ جاری کیا،ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹ کے ذریعے مریم نواز کے خلاف عوام کو بڑھکایا گیا۔توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری ہوچکا ہے، اس میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکر نہیں۔متن میں کہا گیا ہے کہ دھمکی آمیز اور قانون کے منافی ٹوئٹ کرنے پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے.

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پردھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما ء نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پرمعطل ہو چکے ہیں۔