لاہور( لاہورنامہ)وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقات کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 50روپے کی بجائے اسے 100روپے لیٹر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
اس سکیم پر چھ ہفتوں میں عملدرآمد کر دیا جائے گا ، ہم نے امیر کا پاکستان الگ اور غریب کا پاکستان الگ کر دیا ہے ،فیصلہ کیا ہے کہ ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، ایک اور سکیم کے حوالے سے بھی غوروخوض جاری ہے .
سابق چیف جسٹس کی ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جس میں ایک عورت کو ٹھوک دینے کی بات کی جارہی ہے ، سب کو معلوم ہے وہ عورت کون ہے ، وزارت داخلہ سے درخواست کروں گا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ، یہ قتل کی سازش ہے ، انہیں سامنے بٹھا کر پوچھنا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ جب سے پاکستان بنا چاہے وہ مولوی تمیز الدین تھے ،جسٹس منیر تھے ،ملک غلام محمد تھے ،ضیاء الحق تھے اور ایک صاحب یہ بھی ہیں سب کا مقدمہ ایک ہی ہے کہ ملک میں جو آئین ہوگا وہ ہم پر لاگو نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے درخواست کی یہاں دو ملک ہیں ایک امیر کا ملک ہے اور ایک غریب کا ملک ہے جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جائو، ہماری پارٹی کے لیڈر نواز شریف کا بھی یہی حکم تھا وزیر اعظم نے بھی کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہوجائو ۔ ہم نے گیس کا ٹیرف الگ کر دیا ، امیر اور غریب کا بل الگ الگ کر دیا گیا ، غریب آدمی جس کی ماں زمین پر بیٹھی گیس استعمال کر رہی ہے.
اس کا پاکستان الگ کر دو اور وہ ماں گیس کی ایک چوتھائی قیمت ادا کرے گی اور ایک بیگم صاحبہ ان کی بھی عزت کرتے ہیں وہ گلبرگ ، ماڈل ٹائون ، کلفٹن اورڈیفنس میں رہتی ہیں وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گی ، وہ پیسے اکٹھے کرکے غریب کی گیس سستی کریں گے۔ وزیر اعظم اورنواز شریف کے حکم کے مطابق ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ایک ہفتہ پہلے وزیر اعظم اور نواز شریف نے حکم دیا کہ آپ کی وزارت میں پیٹرولیم بھی ہے ،غریب اور امیر کا پیٹرول بھی الگ کر دیں ۔ وزیر اعظم کے حکم کے مطابق نواز شریف کے حکم کے مطابق ایک سکیم پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ آنے والے وقت میں غریب کے پیٹرول کی قیمت کو کم کر دیا جائے گا اوریہ فیصلہ ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں اور 800سی سی اور اس سے چھوٹی گاڑیوں کے لئے پیٹرول کی قیمت کم ہو گی ،وزیر اعظم نے عملدرآمد کے لئے چھ ہفتے کا وقت دیا ہے ،انہوںنے سختی سے کہا ہے کہ اس سکیم پرچھ ہفتے میں عملدرآمد کریں اور ہم یہ بغیر سبسڈی کے کریں گے،غریب کاپیٹرول سستا کر دیں گے اور امیر کا پیٹرول مہنگا کر دیں گے.
جو امیر سے پیسہ لیں گے وہ غریب کے حوالے کر دئیے جائیں گے۔ جو ڈالے والی گاڑیاں نظر آٹی ہیں اب وہ تیل کی بھی زیادہ قیمت دیں گی ، یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ بڑی گاڑیوں والے زیادہ قیمت دیں گے اور اس قیمت کے ذریعے غریب کی قیمت کم کی جائے گی ۔