اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے.
اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں.
حالیہ دنوں میں گلگت بلتستان میں گندم کی شارٹج کو دور کرنے کے لیے وزارت امور کشمیر نے 2.6 ارب روپے کی لاگت سے 26 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم فراہم کرنے کی سمری ای سی سی میں پیش کی تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو رمضان کے بابرکت مہینے میں گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی اس سمری کا جائزہ لیتے ہوئے ای سی سی نے 2.9 ارب روپے کی لاگت سے گلگت بلتستان کو25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فوری فراہمی کی حتمی منظوری دی ہے.
مشیر امور کشمیر نے کہا کہ وزارت نے نہ صرف اس سمری کی منظوری میں متحرک کردار ادا کیا بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کو گندم کی بروقت فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بھی رابطہ کیا اور وزارت کی کوششوں سے وزارت خزانہ نے پاسکو کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ گلگت بلتستان کے محکمہ خوراک کو 25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں.
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔