ہمایوں اختر خان

شفاف انتخابات کیلئے عدالتی عملے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ہمایوں اختر خان

لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور انتخابات کی تیاریوں کے لئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بیورو کریسی میں سے (ن) لیگ کے من پسند اورقریب سمجھے جانے والے افسران کی بطور آراوز تعیناتی پر سخت تشویش ہے.

تحریک انصاف اس کے خلاف عدالت سے رجوع کر چکی ہے اور ہماری درخواست ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے عدالتی عملے کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے حالات اس وقت جس نہج پر پہنچا دئیے گئے ہیں ایسے میں پاکستان کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ملک آج جن گھمبیر مسائل سے دوچار ہے اگر ملک میں شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ بغیر کسی مداخلت کے صاف اور شفا ف انتخابات کا انعقاد ہو تاکہ ملک میں سیاسی استحکام کی راہ ہموار ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت شفاف انتخابات کے انعقاد کی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے کیونکہ وہ اس وقت جو بھی کردار ادا کر یں گے نہ صرف عوام اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ اسے تاریخ میں بھی لکھا جائے گا ۔