اسلام آباد (لاہورنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آئین گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر آئین پاکستان کی موبائل ایپ اور 50 روپے کی مالیت کا یادگاری سکے کا افتتاح کر دیا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 25 سال کے طویل عرصہ گزرنے کے بعد آئین پاکستان کی تشکیل ایک اہم سنگ میل تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیگر زعماء کے ساتھ مل کر اس اہم سنگ میل کو عبور کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ موجودہ دور میں آئین کی موبائل ایپ کے ذریعے نوجوان نسل اور عوام میں شعور اجاگر ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی نوجوان نسل کو آئین پاکستان کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں یہ ایپ اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ 1973 کے آئین کو متفقہ طور پر منظور کرنے میں ہمارے زعماء کا کردار قابل ستائش ہے، ایک مصمم ارادے سے مشکل سے مشکل کام کو بھی پایا تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان کی موبائل ایپ، آئین کو سمجھنے میں شمع کا کردار ادا کرے گی، چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔