لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا یہ بیا ن کہ جتنا مرضی زور لگا لیں 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے.
اعلیٰ عدلیہ کو کھلی دھمکی اور توہین عدالت ہے، جب صرف ایک بیان پر آزاد کشمیر کی حکومت کو گھر بھیجا جا سکتا ہے تو امید ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا ،حکمران ٹولہ اپنے مفادات کے لئے ملک کے آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے جس کا انہیں ایک دن ضرور حساب دینا پڑے گا ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے بیان نے ثابت کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ کیس میں ان کے قائد اور جماعت کے لئے سسیلین مافیا کے الفاظ درست تھے ،یہ اعلیٰ عدلیہ کو جس طرح دھمکیاں دینے پر اترے ہوئے ہیںاور کھلے عام آئین شکنی کر رہی ہے یہ سسیلین مافیا پلس ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولے کی یہ بھول ہے کہ یہ جو مرضی کرلیں ہم خاموشی سے سب کچھ دیکھتے رہیں گے بلکہ اس کے خلاف عوام سڑکوں پر آئیں گے اور آئین و قانون کے تابع لائیں گے۔