پارلیمانی رہنماؤں

وزیراعظم کو پارلیمانی رہنماؤں کی بریفنگ میں شرکت کرنا چاہیئے تھی، قمر زمان کائرہ

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ امن کے لیے پاکستانی موقف کی دنیا نے تائید کی، پارلیمانی رہنماؤں کو دی جانے والی بریفنگ میں وزیراعظم شریک نہیں ہوئے،انہیں شرکت کرنا چاہیے تھی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم کو اپوزیشن کے ساتھ اپنے رویے پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے، قومی یک جہتی کے فروغ کے لیے وزیراعظم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنی انا کے گھوڑے سے نیچے اترنا ہو گا۔ کوئی ان سے این آر او نہ مانگ رہا ہے اور نہ ہی کسی کو ضرورت ہے۔ عمران خان کی پالیسیوں کا محور ہی یو ٹرن ہے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت نے ادویات کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، اب بجلی کے یونٹ کو 16روپے تک لے جانے کی بات ہو رہی ہے، عوام کو اتنا تنگ کریں جتنی ان میں سکت ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ روز گار کے مواقع پیدا کرنے اور مہنگائی ختم کرنے کے دعوی کہاں گئے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگ وفادار ہیں، حکومتی وزیر کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب جانبداری سے اپنی جان چھڑوائے، نیب کو غیر جانبداری کے ساتھ احتساب کرنا چاہیے۔قمرزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پنجاب ایگزیکٹو کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان ڈے اور نصرت بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات ہر ڈویژن کی سطح پرمنعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔