لاہور (لاہورنامہ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ملک میں منکی پاکس کیس رپورٹ ہونے پر لاہور جنرل ہسپتال کے سینئر پروفیسرز/کنسلٹنٹ پر مشتمل 6رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس کے فوکل پرسن پروفیسر آ ف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق ہوں گے۔
کمیٹی کے ارکان میں پروفیسر انیلہ اصغر، پروفیسرمحمد فہیم افضل، ڈاکٹر محمد عرفان ملک، ڈاکٹر غزالہ روبی، اور ڈاکٹر سید جعفر حسین شامل ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمیٹی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے گی اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں منکی پاکس کے کیسز کی تشخیص اور علاج معالجے کے بھرپور ا نتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے اس حوالے سے امید ظاہر کی کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے بر وقت اقدامات کی وجہ سے انشا ء اللہ منکی پاکس کی بیماری کے پھیلاؤ کو ابتدا ہی میں کنٹرول کر لیا جائے گا.
تاہم کسی ایمرجنسی صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ایل جی ایچ کی انتظامیہ نے سینئر پروفیسرز، کنسلٹنٹ اور پیتھیالوجسٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ایس او پیز کے مطابق مرض کی تشخیص، کیس مینجمنٹ اور مریض کے علاج معالجے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور بہترین دیکھ بھال کے اقدامات کو ممکن بنائے گی۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بیرون ملک سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدآمد یقینی بنائیں، ماسک پہنیں، ایک دوسرے سے مصافحہ اور بغل گیر ہونے سے اجتناب برتیں اورصابن سے ہاتھ دھونا نہ بھولیں تاکہ بیماری ایک سے دوسرے میں منتقل نہ ہو سکے اور اپنے ساتھ ساتھ دوسرو ں کی زندگیاں بھی محفوظ بنائی جا سکیں۔