حفاظتی ضمانت

پرویز الٰہی کو 15مئی تک حفاظتی ضمانت مل گئی

لاہور (لاہورنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی 15مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے خلاف بلا جواز مقدمات درج کر لیے گئے، 2مقدمات میں عبوری ضمانت کروا لی.

ایک اور مقدمہ رات گئے درج کیا گیا خدشہ ہے گرفتار کر لیا جائے گا، اینٹی کرپشن اور پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بے مقدمہ درج کیا، ایک ہی مقدمے میں کرپشن کے متعدد اور بے بنیاد الزامات لگائے، تحقیقات میں اپنی بے گناہی کے لیے پیش ہونا چاہتا ہوں.

عدالت دونوں مقدمات میں حفاظتی منظور کرے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پرویز الٰہی کی 15مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ پیر کی شب بھی پولیس کی بھاری نفری نے چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لئے 4 مقامات پر آپریشن کیا، کنجاہ ہائوس اور نت ہائوس کے علاوہ نشانِ حیدر ہاوس اور سندھو ہاوس پر بھی پولیس نے چھاپے مارے تاہم چاروں مقامات سے پولیس کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔