لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمااور الیکشن کی تیاریوں کیلئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ قوم نے واضح بتا دیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ ہے.
23کروڑ عوام کا اٹل فیصلہ ہے کہ وہ کسی کو بھی آئین کو روندنے اور اپنے حقوق چھیننے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ،تحریک انصاف نے ملک کے وسیع تر مفاد میں نیک نیتی کے ساتھ حکومت سے مذاکرات کئے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ تو سیاسی جماعتوں کی طاقت ہوتی ہے پھر پی ڈی ایم اتحاد انتخابی عمل میں جانے سے کیوں خوفزدہ ہے ۔
موجودہ حکومت ایسے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی جس سے یہ کہا جا سکے کہ آنے والے مہینوں میں ملک کی معیشت اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آ ئے گی اور ان کی مقبولیت کا گراف بلند ہو جائے گا بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک کے معاشی مسائل بڑھ رہے ہیں اور لوگوں کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو رہا ہے ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اقتدار میںبیٹھا طبقہ صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کی خواہش کی خاطر پاکستان اور عوام کے مستقبل کو دائو پر نہ لگائے ۔پی ڈی ایم اتحاد حکومت میں رہنے کا ہر جواز کھو چکا ہے اور اپنے اقتدار کوبچانے کی خاطر آئین کو روندنے سے بھی گریز نہیں کیا جارہا۔