بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے چین میں امریکی سفیر نکولس برنز سے بیجنگ میں ملاقات کی۔
چھن گانگ نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات نہ صرف چین اور امریکہ بلکہ پوری دنیا کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں چینی صدر مملکت شی جن پھنگ اور صدر بائیڈن نے بالی میں کامیاب ملاقات کی تھی اور دونوں صدور اہم اتفاق رائے پر پہنچے تھے۔
تاہم اس کے بعد سے امریکہ کی جانب سے غلط افعال و اقوال نے چین اور امریکہ کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب کیے جس سے فریقین کے درمیان طے شدہ مذاکرات اور تعاون کے ایجنڈے میں خلل پڑا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک بار پھر سرد مہری کا سامنا ہے۔
چھن گانگ نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم کام چین امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سب سے بنیادی اتفاق رائے ہونا چاہئے. انہوں نے کہا کہ چین ،باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور سود مند تعاون کے اصولوں کے مطابق چین امریکہ تعلقات چاہتا ہے اور امید ہے کہ امریکہ ان تعلقات کو مشکلات سے نکال کر درست سمت پر واپس لائے گا ۔
چھن گانگ نے مزید کہا کہ امریکہ کو یہ رویہ اختیار نہیں کرنا چا ہیے کہ ایک جانب چین کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کا اظہار کرے اور دوسری جانب چین کو دبا ئو میں لینے اور رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو چین کے اقتدار اعلی ،سلامتی اور ترقیاتی مفادات کو نقصان پہنچانا بند کرنا ہوگا اور خاص طور پر امور تائیوان کو درست انداز میں دیکھنا ہوگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی سفیر چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں تعمیری سوچ کے ساتھ ایک پل کا کردار ادا کریں گے ۔