غریب خو د کشیاں کرنے پر مجبور

مہنگائی کی وجہ سے غریب خو د کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں،لیاقت بلوچ

لاہور(لاہورنامہ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب خو د کشیاں کرنے پر مجبورہیں۔آٹا ،چینی ، گھی ، دالیں، سبزیاں، پٹرول ، گیس ،بجلی اور ایل پی جی کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔

صنعتیں اور کارخانے بند ہونے سے بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔حکومت اور اپوزیشن کی آپس کی لڑائیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ایکسپورٹ میں کمی جبکہ امپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے۔ سودی نظام معیشت نے ملک کو بربادی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

ملکی مسائل کا واحدحل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے ۔جس کے لئے جماعت اسلامی کو شاں ہے۔اگر قوم اپنے ملک اور اپنے بچوں کا مستقبل خوشحال دیکھنا چاہتی ہے تو اس مرتبہ ووٹ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو دینا پڑے گا۔

کراچی والوں کو تو اس بات کی سمجھ آگئی ہے جس دن لاہور والوں کو سمجھ آئی گئی پورے ملک میں تبدیلی آجائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ڈیفنس میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر محمود احمد، عمران شریف، میاں خبیب نذیر، ذکی الدین شیخ، شفیق رضوان نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ نشتر کالونی میں پی پی 158کے امیدوار رانا محمد آصف نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائے گی۔ قوم ہمارے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوجائے۔ملک سے کرپشن، مہنگائی، اقرباء پروری ، سفارش اور نا انصافی کا نظام جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔