مریم اور نگزیب

عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ،پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلائو گھیرائو کی ترغیب دیتے رہے،پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جو کیا یہ عوامی ردعمل تھا؟

یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،تحریک انصاف کے لوگ عوامی اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچا رہے تھے، ان کے لیڈروں نے کیوں نہیں روکا؟ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا، عمران خان کو اس کیس میں کم از کم 15 نوٹسز بھیجے گئے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نیب اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی، عمران خان نیب کو مطلوب تھے۔

انہوں نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان نے جواب داخل کرنا تھا، وہ اس کیس میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان گرفتار ہونے کے بعد جس طرح کا ردعمل آیا وہ پورے ملک نے دیکھا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلائو گھیرائو کی ترغیب دیتے رہے۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی نے کل جو کیا یہ عوامی ردعمل تھا؟، یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،پی ٹی آئی کے لوگ آج کہتے ہیں کہ جو گزشتہ روز ہوا یہ ہم نے نہیں کیا،یہ کیوں نہیں بولے تھے کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لوگ گزشتہ ورز عوامی اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچا رہے تھے، ان کے لیڈروں نے انہیں کیوں نہیں روکا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ کوئی سیاسی جماعت اس طرح کا ردعمل نہیں دیتی، ہمارے لوگ بھی گرفتار ہوئے تھے، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق سمیت دیگر رہنما بھی گرفتار ہوئے تھے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور آشیانہ میں گرفتار کیا گیا، ہم نے کبھی اس طرح کا ردعمل نہیں دیا جو پی ٹی آئی نے گزشتہ روز دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی جو کر رہی ہے وہ ملک پچھلے کئی سالوں سے دیکھ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کا باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کرایا گیا، دیگر ایس او پیز مکمل کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ جب زمان پارک میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے گئی تو پولیس والوں پر پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ جو قانون ہاتھ میں لے گا، وہ پاکستانی ہے، نہ پاکستان کا شہری، گزشتہ روز سرکاری عمارتوں اور گھروں پر حملے کئے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔