اسلام آباد(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاویدلطیف نے کہاہے کہ ملک کیخلاف سازش کرنیوالوں کیخلاف پارلیمانی کمیشن بنائیں گے.
پی ٹی آئی نے اپنا مخصوص دہشتگرد گروہ تیار کررکھا ہے،تربیت یافتہ شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نشانہ بنایا ، ہمیں ملکی آئین جان سے بھی زیادہ عزیز ہے،عمران خان نے واضح کردیا کوئی بھی شخص تخریب کاراکٹھے کرکے کچھ بھی کرسکتا ہے۔
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہماری گزشتہ حکومت میں بجلی اور گیس کے بل جلائے تھے،قاسم سوری نے آئین توڑا تاہم ان کیخلاف کوئی ایکشن نہ ہوا،9 اور 10 مئی کو تربیت یافتہ شر پسندوں نے سرکاری املاک کو نشانہ بنایا،ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو آزاد چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج نہیں بلکہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی،60 ارب لوٹنے والے کو عدالت میں عزت و احترام ملتا ہے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنا مخصوص گروہ تیار کر رکھا ہے۔عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی شخص چند سو تخریب کار اکٹھے کر کے کچھ بھی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے تاہم ہمیں ایسا کرنے دینے کی بجائے جلاؤ گھیراؤ روکنے پر لگایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی،عدالتی حکم پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ حکام کو بھی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین روز کے دوران سب کچھ عمران خان کی ایماء پر ہوا ہے اور وہ اس کی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں کیونکہ عمران خان نے کہا تھا اگر میں گرفتار ہوا تو یہی سب کچھ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں،ملک کیخلاف سازش کرنیوالوں کیخلاف پارلیمانی کمیشن بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ احتجاج نہیں بلکہ ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نشانہ بنایا،پی ٹی آئی نے اپنا مخصوص دہشتگرد گروہ تیار کررکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا دہشتگرد کا استقبال اس لیے کیا جارہا ہے کہ وہ پاکستان فتح کرکے آیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ بھٹو کی شہادت کے 20سال بعد کہا گیا کہ انصاف نہیں ہوا۔ہم نے کہا کہ محمدنوازشریف کو انصاف دو،بات انصاف کی نہیں اب ریاست کی بقا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو راستے سے ہٹانے کی خاطر لاڈلے کو لانچ کیا گیا۔میاں جاویدلطیف نے کہا کہ پاکستان میں اربوں کھربوں روپے لگاکر تخریب کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جلانے اور جلوانے والوں کی تصاویر بھی منظر عام پر لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہے،پاکستان کو مخالف قوتوں کے ہاتھوں کھلونا بنانے کی سازش ہورہی ہے،آئین کے مطابق کام کرنیوالے اداروں کو بلیک میل نہیں ہونے دینگے۔