آشیانہ سکینڈل, شہبازشریف کلین

آشیانہ سکینڈل کیس میں وزیراعظم شہبازشریف کلین

لاہور(لاہورنامہ)قومی احتساب بیورو (نیب )نے وزیراعظم شہباز شریف کو آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں کلین چٹ دے دی۔

نیب کی جانب سے شہباز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر بریت کی درخواست پر نیب نے اپنا تحریری جواب جمع کر ادیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ آشیانہ ہائوسنگ کے ٹھیکے دینے میں شہباز شریف کے خلاف بدعنوانی کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

اختیارات کے ناجائزاستعمال کے بھی کوئی ثبوت نہیں ملے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آشیانہ پراجیکٹ میں سرکاری خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔مزید کہا گیا ہے آشیانہ ہائوسنگ کے ٹھیکے دینے کے پراسس میں بدعنوانی کے کوئی ثبوت نہیں ملے ، آشیانہ پراجیکٹ شروع کرتے وقت شہباز شریف نے کسی طرح کے فوائد حاصل نہیں کیے.

ریکارڈ اور شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کسی پبلک آفس ہولڈر نے کسی قسم کے کوئی فوائد حاصل نہیں کیے۔نیب رپورٹ کے مطابق کامران کیانی نے سرکاری خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا،فواد حسن فواد نے بھی کوئی رشوت نہ لی۔نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے آشیانہ کا ٹھیکہ لطیف اینڈ سنز کو دینے کا معاملہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔

نیب نے استدعا کی ہے کہ احتساب عدالت لاہور قانون کے مطابق شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کردے۔شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر نیب کی جانب سے احتساب عدالت لاہور میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ آشیانہ سکینڈل میں شہبازشریف کے خلاف بدنیتی کا کوئی پہلو بھی ثابت نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ 8 اپریل 2023 کو آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس میں وکیل امجد پرویز نے وزیراعظم شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کی بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں ۔