لاہور(لاہورنامہ) مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمۃ کے تحت سالانہ امتحانات 2023 کا آغاز 20 مئی کو ہو گیا ہے۔ملک بھر میں قائم امتحانی مراکز میں تمام تر لوازمات و ضروریات فراہم کر دی گئی ہیں اور مجمع المدارس کے مرکزی دفتر سے نگران ممتحن حضرات اپنے متعلقہ مراکز میں پہنچ چکے ہیں۔
صدر مجمع المدارس علامہ سید جواد نقوی کی ہدایات کے مطابق شفاف و معیاری امتحانات کے انعقاد کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا ، پنجاب و سندھ میں قائم متعدد امتحانی مراکز کی نظارت براہ راست مرکز سے کی جارہی ہے۔
یاد رہے امتحانات کا اختتام 12 جون 2023 کو ہوگا اور ان امتحانات میں شھادۃ ثانویہ عامہ ، شھادۃ ثانویہ خاصہ ، شھادۃ عالیہ و شھادۃ عالمیہ کے طلباء و طالبات امتحان دے رہے ہیں۔