لاہور (لاہورنامہ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ خواتین سے بدسلوکی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، خواتین سے متعلق خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، خواتین سے بدسلوکی سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، جناح ہاوس واقعہ میں ملوث کسی شخص کو رہا نہیں کیا گیا، حملے میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑ رہے۔انہوں نے کہا کہ خدیجہ شاہ کی شناخت پریڈ چل رہی ہے، جناح ہائوس پر حملے والے کا جتنا مرضی اثرورسوخ ہو، نہیں چھوٹے گا، حملے کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین سے بدسلوکی جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے، کسی پولیس والے نے غیر اخلاقی حرکت کی تو سزا دیں گے، ابھی تک عمران خان کی نظربندی کا فیصلہ نہیں ہوا۔