آگاہی واک

زرعی کالج یونیورسٹی آف سرگودھا میں آگاہی واک

سرگودھا (لاہورنامہ) ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے زرعی کالج یونیورسٹی آف سرگودھا میں آگاہی واک اورمقامی آبادیوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ان تقریبات کا اہتمام یونیورسٹی آف سرگودھا، امریکی سفارتخانے اور پاک یو ایس ایلومینائی نیٹ ورک کے اشتراک سے کیا گیا۔ ان تقریبات کے ذریعے نوجوان نسل کو ماحولیاتی تحفظ کیلئے متحرک کیا گیا تاکہ نوجوان ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش خطرات میں کمی لانے کیلئے فعال کر دار ادا کریں۔

واک کی قیادت ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم نے کی۔ واک میں طلبا وطالبات نے بھرپور شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اطہر ندیم نے کہا کہ گلوبل وارمنگ ایک عالمی مسئلہ ہے تاہم پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے کہ جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں.

ماحولیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے ماحول کو سر سبز کرنا ہوگا اور اس کیلئے شجر کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پرنسپل زرعی کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات نے کہا کہ ماحولیات کو درپیش خطرات کے پیش نظر انسان تاریخ کے خطرناک ترین موڑ پر آن پہنچا ہے، ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لانے ہوں گے۔

واک کے بعد پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم، پاک یو ایس ایلومینائی نیٹ ورک کی صدر ڈاکٹر سلمہ انور اور پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات نے زرعی کالج کے لان میں پودے لگائے۔ اس موقع پر یوتھ امبیسڈر ڈاکٹر فرحانہ نوشین اور ایونٹ کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد عاصم ریاض بھی موجود تھے۔

ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے مقامی آبادیوں کو تبدیلیوں سے بچانے کیلئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر سید آفتاب واجداور پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سے سید مزمل انجم نے ورکشاپ میں شرکت کی اور طلبا و طالبات کو تربیت فراہم کی۔