لاہور(لاہورنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں لیڈرز کو پتلی گلی سے نکال رہے ہیں ، کارکنان کا کیا قصور ہے ، انہیں بھی موقع دیں ،ویڈیوز دیکھیں تو جناح ہائوس کے اندر بہت کم لوگ ہیں۔
پنجاب میں بہت سے واقعات ہوئے پولیس نہیں پہنچی، میانوالی میں جہاز جل گیا، پولیس نہیں پہنچی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ جب 9مئی کے واقعات ہوئے آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کہاں تھے؟ کہتے ہیں2:37پر زمان پارک سے نکلے، 3:36پر لبرٹی چوک پہنچے، 3:41پر وہاں سے چلے اور 4:56پر جناح ہائوس پہنچ گئے.
کہا جارہا ہے کہ 5:51پر بڑا جتھہ آیا، 6:07منٹ پر آگ لگائی گئی، اتنی مانیٹرنگ آپ نے کی، اس میں سے بہت کچھ اور نکلے گا،آئی جی خود جوابدہ ہو گا، ایک چیز واضح ہے ان بلوائیوں کے پاس آتشیں اسلحہ نہیں تھا، رائفل اور پستول چلنے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔