سپریم جوڈیشل کونسل

عمران خان نے چیئرمین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرلیا

اسلام آباد (لاہورنامہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرلیا ۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے چیئرمین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باضابطہ درخواست دائر کر دی ،درخواست آئین کے آرٹیکل 209 اور نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 کے تحت دائر کی گئی ہے ۔

عمران خان کے مطابق چیئرمین نیب نے یکم مئی کو چھٹی والے دن میری گرفتاری کے وارنٹس جاری کئے، چیئرمین نیب نے چھٹی والے روز جاری کئے گئے وارنٹس کو 8 روز تک چھپائے رکھا۔

عمران خان نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کی انکوائری کو انوسٹی گیشن میں بدلے جانے کے بارے میں مجھے جان بوجھ کر نہیں بتایا گیا،انکوائری کے انوسٹی گشن میں بدلے جانے کے معاملے کو خفیہ رکھنا نیب قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ وارنٹس گرفتاری نیب آرڈیننس کے سیکشن 24 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ وارنٹس گرفتاری کی تعمیل اور رینجرز کے ذریعے میری گرفتاری بھی مکمل طور پر غیرقانونی تھی۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے 11 مئی کے اپنے حکمنامے میں بھی وارنٹس کی تعمیل اور میری رینجرز کے ذریعے گرفتاری کے سارے عمل کو غیرقانونی قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب مجھے آئینِ پاکستان کے تحت میسر بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے بھی مرتکب ہوئے ہیں، چیئرمین نیب نے دستور کے آرٹیکل 9, 10, 10ـاے اور 14 کے تحت میرے حقوق غصب کئے۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب کے تمام اقدامات بدنیتی پر مبنی تھے، چیئرمین نیب نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور میرے خلاف غیرآئینی و غیرقانونی کارروائی میں ملوث رہے۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب سنگین مِس کنڈکٹ اور اپنے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، چیئرمین نیب منصب پر برقرار رہنے کے اہل نہیں رہے۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کو فوری طور پر منصب سے معزول کیا جائے۔اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کیخلاف ہتکِ عزّت کی کارروائی کا آغاز بھی کر چکے ہیں.

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو یکم جون کو 15 ارب کے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا.