لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے، ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے، آئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں بار بار ترمیم ہوتی رہے گی، 12 اگست کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت پوری ہو رہی ہے، نگراں حکومت کو اس بجٹ پر نظرثانی کرنی پڑے گی اور آنے والی منتخب حکومت بجٹ پر دوبارہ نظرثانی کرے گی۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن اس کیلئے پیسہ کہاں سے آئے گا، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، اسحاق ڈار نے معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل دیا ہے، بجٹ میں الیکشن کیلئے 48 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔