لاہور(لاہورنامہ)تاجر رہنما صدرلوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور راجہ وسیم حسن نے روسی خام تیل کا پہلا جہاز کراچی بندرگاہ پر پہنچنے کو قوم کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سستے روسی تیل کی آمد سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہوگی .
جس کا ریلیف صنعتی شعبے سمیت عوام کو بھی ملے گا انہوں نے کہا کہ 45ہزار ٹن خام تیل کی آمد کے بعد 50ہزار ٹن روسی تیل کی دوسری کھیپ اسی ہفتے پاکستان پہنچے گی۔
روسی تیل کا پہلا کارگو پاک روس تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے جس سے پاکستان خوشحالی، اقتصادی ترقی اور انرجی سیکیورٹی کی جانب رواں دواں ہوگا۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ پاکستان نے 75ڈالر فی بیرل والا کروڈ آئل55ڈالر فی بیرل خریدا ہے اس طرح روسی کروڈ آئل پاکستان کو20ڈالر سستا پڑا ہے .
روسی تیل کی ادائیگی پاکستان نے ڈالر کی بجائے یو اے ای درہم یا کسی اور متفقہ کرنسی میں کی ہے جس سے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے روسی خام آئل کا پہلا کارگو پاک روس تعلقات کا آغاز ہے اب رو س اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ سے سستی گیس کی فراہمی منصوبہ پر عملدرآمد سے رعایتی نرخوں پر روسی سستی گیس کا حصول ممکن ہوگا جس سے ملک میں کئی سالوں سے جاری گیس بحران کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔
دونوں ملکوں کے درمیان توانائی میں تعاون مضبو ط ہوگا،تجارت بڑھانے اور اس کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی اسٹریٹیجک اور تجارتی شرائط کی بنیاد پر وسیع کرنے پر اتفاق سے دونو ں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کر راہوں پر گامزن ہوگا۔