لاہور(لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے انتخابات 2023کنونشن کے کامیاب انعقاد پر کارکنان، ذمہ داران، اراکین جماعت اور عوام الناس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات 2023کنونشن ملک و قوم کو اضطراب، سیاسی کشمکش اور بے یقینی کی کیفیت سے نکالنے کو کشش ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنا آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے اکتوبر میں عام انتخابات کروائے اور اس حوالے سے کسی قسم کے حیلے بہانوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جانا چاہئے۔ کسی کی خواہش پر الیکشن کا التوا کرنا مزید خرابی پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دنوں کی کارکردگی کو دیکھ چکے ہیں، ان لوگوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کچھ نہیں ہیں، نا اہل اور کرپٹ ٹولے کو جب تک مسترد نہیں کر دیا جاتا اور ملک کی بھاگ دوڑ ایماندار لوگوں کے سپرد نہیں کر دی جاتی اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے جو بھی بر سر اقتدار آیا اس نے 24کروڑ عوام کو صر ف مایوس کیا ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں کی مثالیں سامنے ہیں۔لوٹ مار کر کے اپنی تجوریوں کو بھرا۔ان ظالموں کے نزد یک عوام صرف کیڑے مکوڑوں کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان اس وقت نازک ترین موڑ پر پہنچ چکا ہے۔ ملک میں 10کروڑ افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مگر موجودہ حکمرانوں کے پاس ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوئی ایجنڈا ہی موجود نہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن بڑے مسائل ہیں۔ ان سے نجات حاصل کرنے کے لئے قوم کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی کا ہی ہے۔