لاہور (لاہورنامہ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، ذکی الدین شیخ اور میاں وقاص نے کہا ہے کہ حکومت کا غریب عوام کو بجلی کا ایک اورجھٹکا قابل مذمت ہے۔
ظالم حکمران عوام کو ریلیف کے نام پرمہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 61 پیسے اضافہ اور 12 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ حکومتی بدترین کاکردگی کا ثبوت ہے۔شہری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اورحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔
وفاقی بجٹ کے آفٹر شاٹ مہنگائی کی صورت میں آنا شروع ہوگئے ہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت ہی ملک و قوم کو مہنگائی، بیروزگاری اور کرپٹ نظام سے نجات دلا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ڈیفنس سرکل کے دعوتی تقریب ” جماعت اسلامی یہ کیوں؟ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائدین نے مزید کہا کہ غریب عوام بھوک، افلاس اور غربت کی وجہ سے پریشان ہے۔ ملک میں غریب اور مڈل کلاس گھرانوں کے 3 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں،7 کروڑ سے زائد نوجوان بے روزگار ہیں،11 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 75 سالوں سے اسٹیٹس کو کے غلام اور نام نہاد علمبرداروں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے قومی او ر صوبائی اسمبلی کے امیدواران،کارکنان اورورکرز اپنے حلقوں عوامی خدمت کے ذریعے بھر پور تیاری کریں تاکہ اسلامی اور خوشحال پاکستان کی راہ ہمنوار ہوسکے۔