ایس ایم تنویر

صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل کا دورہ ضلع رحیم یار خان

لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا ۔ ایوان صنعت وتجارت رحیم یار خان میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کیں .

جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی نے نگران صوبائی وزراء کواجلاس میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء نے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیرصنعت وتجارت ایس ایم تنویرنے ایوان صنعت وتجارت میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہقومی معیشت کی مضبوطی کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے،انشاء اللہ ملک میں جلد سیاسی استحکام آئے گا۔ صنعتکار اور تاجر وں کا معیشت میں کلیدی کردار ہے.

یہ ٹیکس اور روزگار دیتے ہیں، صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے فروغ کیلئے متعلقین کی مشاورت سے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹ رحیم یارخان کے ترقیاتی مسائل بھی جلد حل کیے جائیںگے۔

ڈی سی آفس میں منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر نگراں صوبائی کابینہ پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے۔کسانوں کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ کپاس اگائو مہم کے تحت حکومت پنجاب کسانوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔کاشت کی گئی کپاس کی فصل کی سیٹلائٹ نگرانی کی جارہی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود جعلی زرعی ادویات کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار گندم اور کپاس کی بہتر امدادی قیمت مقرر کی گئی۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کی مفت آٹا تقسیم پروگرام میں ضلع رحیم یار خان کی مجموعی کارکردگی بہترین رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ نگراں صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر مواصلات بلال افضل نے کہا کہ نگراں حکومت صوبہ کی عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ نگراں حکومت کی کوشش ہے کہ تمام منصوبے جلد مکمل ہو تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نگران حکومت نئی سکیمیں نہیں لا سکتی تاہم جاری سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے۔ایوان صنعت وتجارت کے صدر میاں سعد حسن اور تاجروں اور صنعتکاروں نے درپیش مسائل سے صوبائی وزراء کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ گندم خریداری اور کپاس اگائو مہم میں ضلع رحیم یار خان نے اپنے اہداف 95 فیصد تک حاصل کر لیے۔

سیکرٹری مواصلات جنوبی پنجاب جواد اکرم ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ نے بھی اجلاس میں شریک کی۔