لاہور (لاہورنامہ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے رات گئے شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا دوسرا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے زیرتعمیر سمن آباد انڈر پاس اور لاہور برج توسیعی منصوبے کا دورہ کیا۔
سائٹ پر موجود پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمن آباد انڈرپاس کا کمپیکشن ورک تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمن آباد انڈر پاس کے اوپر ملتان روڈ پر اسفالٹ مکمل ہو گیا جس کے بعد ملتان رڈ پر ٹریفک رواں ہے۔ سمن آباد پر ہارٹیکلچر ورک کل سے شروع ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمن آباد کی جانب جانے والی انڈرپاس کی سائڈ کی فیسنگ والز مکمل کر لی گئیں ہیں۔
انڈر پاس کی بیرل اور گلشن راوی کی سائیڈ پر فیسنگ والز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انڈر پاس سے منسلک سروس روڈز پر کام جاری ہے، سائیڈز قریباً کلیئر ہوگئیں۔ کمشنر لاہور نے تمام تر وسائل بروئے کار لیتے ہوئے انڈرپاس کو جلد از جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ لاہور برج کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، رواں ہفتے عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ لاہور برج توسیعی منصوبے پر لائٹس اور لین مارکنگ کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ کمشنر لاہور کی لاہور برج کی بیوٹیفکیشن اور دیگر کاموں کو چوبیس گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔