لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت وتجارت وتوانائی ایس ایم تنویر نے عید الاضحی کے مبارک اور پرمسرت موقع پر اہل وطن کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے تہوار کی اسلامی روایات میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ محبت، اخوت، برداشت اور ایثار اس مذہبی تہوار کا درس ہے۔ عیدالاضحی ہمیں قربانی، رحمدلی اور سخاوت کی اقدار یاددلاتی ہے۔
عید قربان سنت ابراہیمی ؑ کی عظیم یاد تازہ کرتی ہے۔ سیدنا حضرت ابراہیم ؑنے اپنے بیٹے کی قربانی کا اللہ تعالیٰ کا حکم بجالاکر انسانیت کو شعور بندگی سکھایا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے۔ مشکل معاشی صورتحال کے پیش نظر ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔
عید کے پرمسرت موقع پر ہمیں اپنے اردگرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ یتیموں، بیواؤں، بے کسو ں اور ناداروں کی مدد کرکے ہی اس عظیم کا حق ادا کیا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہے۔ اہل وطن پاکستان کی ترقی،خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔