قرآن مجید کی بے حرمتی

سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کھلی دہشتگردی ہے، ضیاء الدین

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے سویڈن عدلیہ کے حکم پر نمازعید کے موقع پر قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا کہ قرآن مجید پوری امت مسلمہ کی ریڈ لائن ہے ۔

سویڈن میں آزادی رائے کے نام پر قرآن مجید کی بے حرمتی کھلی دہشتگردی ہے اوردنیا کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ سویڈن میں ہونی والی اس دہشتگردی سے پوری دنیا کے 2 ارب مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔

سویڈن یا یورپ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، آئے روز مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کیلئے کبھی قرآن کریم کی بے حرمتی، کبھی نبی کریم ﷺکی توہین اور کبھی نقاب کرنے والی مسلم خواتین پر حملہ کیا جا تا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ سٹاک ہوم پولیس کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دی گئی جومذہبی فرقہ واریت جنگ چھڑنے کی مذموم سازش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کے شیطانوں نے اللہ کے دین اور قرآن کو ہر دور میں نشانہ بنایا، قرآن کا راستہ روکا، مسجد کے میناروں پر پابندی لگائی، حجاب کو ختم کر نے کی کوشش کی اور اب قرآن کو جلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری امت مسلمہ اور اس کے حکمرانوں کو اسلام دشمنوں کے مقابلے میں مضبوط اور صف باندھ کرکھڑے ہو جانا چاہیے ۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈؤکیٹ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستان حکومت سویڈن کے ساتھ تمام تجارتی و سفارتی تعلقات کو فی الفور ختم کرے۔ دیگر اسلامی ممالک کی طرح سویڈن حکومت کے خلاف بھربھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں تاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کہ مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جاسکے۔

جب تک سویڈن حکومت کی جانب سے ا س جرم پر پوری امت مسلمہ سے معافی نہیں مانگی جائے تب تک پاکستان سے سویڈن سفارت خانہ سے ان کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔ سویڈن مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور ہر قسم کی تجارت کا بائیکاٹ کیا جائے ۔