نواف بن سعید احمد المالکی

شہباز شریف کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کرانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے لئے فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس نے خاص طور پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کا سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 بلین ڈالر جمع کرانے پر پاکستان کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کریں۔ وزیر اعظم نے سعودی سفیر کو سعودی عرب سمیت جی سی سی کے رکن ممالک سے ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی، توانائی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعاون کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہئے۔سعودی سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مشتمل ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کا بے تابی سے منتظر ہے۔