احسن اقبال

پاکستان میں سرمایہ لگانے کیلئے چینی کاروباری اداروں کاخیرمقدم کرتے ہیں، احسن اقبال

بیجنگ (لاہورنامہ) رواں سال چین ۔پاک اقتصادی راہداری کے آغاز کی دسویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ چین ۔پاک اقتصادی راہداری نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو تبدیل کرنے میں اہم کرادار ادا کیا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی قیادت میں ایک وفد نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا اور چین پاک اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کے 12 ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

احسن اقبال نے چائنا میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود چین پاک اقتصادی راہداری کی ترقی کے گواہ ہیں۔دس سالوں میں حاصل کردہ ٹھوس نتائج نے پاکستان میں صنعت کاری ، جدیدیت اور باہمی روابط کے لیے بہتر بنیاد تعمیر کی ہے اور پاکستانی عوام کے لیے خوشحالی بھی لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ویژن سے توانائی ، بنیادی تنصیبات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاشی و معاشرتی ترقی سے وابستہ مختلف منصوبہ جات میں تبدیل ہوا، جن کا حجم 25 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔اس وقت سی پیک اپنے تعمیر کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ،جس کے تحت پاکستان کی صنعت کاری، ٹیکنالوجی ، زراعت سمیت شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ لگانے کے لیے چینی کاروباری اداروں کاخیرمقدم کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ وسیع اور گہرے تعاون کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات قریب سے قریب تر ہوتے جارہے ہیں۔