جاوید لطیف

ملک کیخلا ف سازشوں کا سد باب بروقت انتخابات سے ہی ممکن ہے، جاوید لطیف

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ 2014 میں دھمکیاں ، بلیک میلنگ اور حملہ روکنے کی کوشش کی جاتی تو 9 مئی کے واقعہ کی نوبت نہ آتی،قتل کی دھمکیوں اور ملک کیخلا ف سازشوں کا سد باب بروقت ، صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات سے ہی ممکن ہے.

مسلم لیگ (ن) کا آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے وژن بڑا واضح ہے ، ملک کے عوام اور ادارے اس بات سے متفق ہیں نواز شریف ہی ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، ملک کے آئندہ وزیراعظم اور آنے والی حکومت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 میں دھمکیاں ، بلیک میلنگ اور حملہ روکنے کی کوشش کی جاتی تو 9 مئی کے واقعہ کی نوبت نہ آتی۔

سہولت کار بھی مرکزی مجرم کے برابر شریک ہیں،آج اسرئیل اقوام متحدہ میں جانے کی بات کر رہا ہے۔ انہوںنے کاہکہ جب اس طرح کا کوئی کھیل ان ممالک میں ہوتا ہے تو کیا دوسری ریاستیں ان مجرموں کو بچانے کی کوشش کرتی ہیں ؟۔ اس شخص پر انڈیا اوراسرئیل سے فارن فنڈنگ کی گئی جس کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو مقاصد ہمارا دشمن اپنی فوج کے ذریعہ حاصل نہیں کر سکا وہ اس نے اس شخص پر آدھی قیمت میں 9 مئی کو حاصل کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ ادارے جان بوجھ کر خود کو دبائو میں ظاہر کر رہے ہیں حالانکہ ان پر دبائو نہیں ہے،پرویز الٰہی کو بھی ریلیف مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ نانصافی کا ازالہ کیا جائے اور 2017 کے کرداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ سینئر وکلا اور سیاستدان یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے مگر یہ بات کسی نے نہیں سنی۔ انہوں نے کہا کہ سالار کو قتل کی دھمکیاں دلوائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ہے،اگر ملک کے خلاف ایسی کوئی سازش دوبارہ کی گئی تو اسے عبرتناک سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وقت مقررہ پر صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات ہونا ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک آنے والے وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ نہیں ہوا۔ آنے والی حکومت کس کی ہوگی اس کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر منصفانہ اور آزادانہ انتخابات ہوئے تو نواز شریف کو 1997 سے بھی بڑھ کر چوتھی مرتبہ وزیر اعظم منتخب کریں گے۔

آج ادارے بھی نواز شریف کے حوالے سے عوامی سوچ سے متفق ہیں کہ نواز شریف آگیا تو دو سال میں ملک میں خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔ سی پیک منصوبہ مکمل ہوگا اور اس کے ثمرات آنا شروع ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جس طرح دھمکیاں دی جارہی ہیں اور سازشیں چل رہی ہیں تو اس کا واحد حل بروقت اور منصفانہ الیکشن ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کی سوچ اس حوالے سے واضح ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی مجرم کو گرفتار کرنا یا رہا کرنا حکومتوں کا کام نہیں بلکہ ریاستی اداروں کا کام ہے۔