دستکار میلہ 2023

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپویشن کے زیر اہتمام دستکار میلہ 2023 کا انعقاد

لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ دستکاریوں کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دیکر ملک کے لئے کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے.

پاکستان، ایران، ترکی اور افغانستان کے دستکاروں کے ہاتھوں میں جادو ہے اور ان کی بنی ہوئی اشیا دنیا بھر میں مشہور اور پسند کی جاتی ہیں، پاکستانی دستکار اجرک سے لیکر قالین، نمک، مٹی سے ایسی اشیا بناتے ہیں کہ انسان ورتہ حیرت میں ڈوب جاتا ہے، دستکار میلے کے انعقاد سے ہنرمندوں اور دستکاروں کو اپنے فن کے جوہر دکھانے کا موقع میسر آیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامیر نے مقامی ہوٹل میں دستکار میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام دستکار میلہ 2023 کا انعقاد خوش آئند امر ہے جس پر میں ایم ڈی پیسک اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان تقریب کے روح رواں دستکار ہیں جن کے فن کی ترویج کے لئے حکومت بھر پور اقدامات کررہی ہے اور وزیراعلی پنجاب ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کے لئے دستکار میلے کو بیحد اہمیت دیتے ہیں۔ صوبائی وزیر ہاسنگ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستکار میلے کے انعقاد کا مقصد ہنرمندوں اور دستکاروں کے فن کو سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر پنجاب کی دستکاریوں کو متعارف کروانے کیلئے ایسے پلیٹ فارمز بہت ضروری ہیں۔ دستکاریوں کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس قسم کے پروگرام منعقد کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کٹلری، سرجیکل آلات اور کھیلوں کے سامان کی انڈسٹری دنیا بھر میں اپنا مقام رکھتی ہے۔ حکومت خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے ویمن ریسورس انکوبیشن سنٹرز کے منصوبے کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کے استحکام کے لئے برآمدات بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لئے مقامی صنعتوں کو فروغ دینا ہوگا۔

وزیر اعلی پنجاب بھی برآمدات بڑھانے پر ضرور دیتے ہیں۔ سی ای او سیمڈا فرحان عزیز خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستکاریوں کے فروغ کے لئے جغرافائی انڈیکیشن کے عالمی معاہدے سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے تاکہ پاکستانی دستکاریوں کو عالمی شناخت ملے۔

سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی نگرانی میں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار عظیم الشان دستکار میلہ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپویشن عاصم جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دستکار میلے کے اغراض و مقاصد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

دستکار میلے کے افتتاح کے بعد صوبائی وزرا نے میلے میں لگائے گئے دستکاروں کے سٹالز کا معائنہ کیا اور دستکاروں کے فن کو سراہا۔ دستکار میلے میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ایران اور ترکی کے قونصل جنرلز، پنجاب سمال انڈسٹریز کے افسران اور پنجاب بھر سے دستکاروں نے شرکت کی۔