لاہور(لاہورنامہ) جماعت اسلامی کے رہنما عدنان چٹھہ نے کہاہے کہ جان لیوا مہنگائی میں عام آدمی کیلئے دووقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے۔ان حالات میں بجلی کے بھاری بھرکم بل کہا ں سے ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر دس محرم کے بعد بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے اور جان لیوا مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔صدر، وزیر اعظم، وزیروں، مشیروں، افسر شاہی اور واپڈا ملازمین کو مفت د ی جانے والی بجلی کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔
عدنان چٹھہ کا کہنا تھا کہ اتنی آمدن نہیں جتنا بل آگیا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ300یونٹ تک بجلی کا ریٹ دس روپے فی یونٹ کیاجائے اور ناجائز ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے،اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی جائے یا ان پر عام آدمی کے لئے سبسڈی دی جائے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے حقیقی مسحقین کی مدد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری اور اشرافیہ کو نو ازنے سے ہونے والے نقصان کے ازالہ کے لیے اووربلنگ کی جاتی ہے۔ ٹرانسمیشن سسٹم کو بہتر بنانے، کرپشن،چوری روکنے اورمراعات کے خاتمے کی بجائے حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم پر الیکٹرسٹی ٹیرف میں ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے اور اب گیس کی قیمتیں بھی مزید بڑھانے کی تیاری ہو رہی ہے.
چینی، آٹا، گھی کے نرخ پہلے ہی آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، ادویات کی قیمتوں میں تین سو گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں، کرپشن اور سودکا نتیجہ ہے۔آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مزید آزمانا خودکشی ہے۔عوام آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائے، ترازو ہی انصاف، احتساب، کرپشن فری اسلامی پاکستان کا ضامن ہے۔